115: یہود سے اللہ تعالیٰ کے خطاب کا باقی حصہ ہے، اللہ نے جب ان سے تورات اور اس کی تعلیمات کی حفاظت کا عہد و پیمان لینا چاہا تو اپنی قدرت کا مظاہرہ کرنے کے لیے طور پہاڑ کو ان کے سر کے اوپر اٹھا دیا، اور کہا کہ اسے پوری قوت اور مضبوطی کے ساتھ سنبھالو، اور اس کے اوامر و نواہی پر عمل پیرا ہونے کے لیے صبر سے کام لو۔ انہوں نے اس وقت عہد تو کرلیا، لیکن بعد میں اس کا کوئی خیال نہیں رکھا، اور اسے توڑ ڈالا، انجام تو یہ ہونا چاہئے تھا کہ اللہ کا عذاب ان کو پکڑ لیتا، لیکن اللہ نے ان پر رحم کیا اور ان کی رہنمائی کے لیے انبیاء و رسل بھیجے کہ شاید وہ راہ راست پر آجائیں۔