(19) اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے لئے اپنے لطف و کرم کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ وہی واحد ہے جو اپنے بندوں کی توبہ قبول کرتا ہے اور ان کے گناہوں کو معاف کردیتا ہے اور وہ اپنے بندوں کے تمام کرتوتوں سے خوب واقف ہے اور وہی ہے جو ایمان و عمل صالح کی زندگی اختیار کرنے والوں کو قیامت کے دن ان کی نیکیوں کا پورا پورا بدلہ دے گا، بلکہ اپنے فضل و کرم سے انہیں زیادہ دے گا یعنی جو طلب نہیں کریں گے وہ بھی دے گا اور جو لوگ اس دنیا میں کفر و سرکشی کی راہ اختیار کریں گے انہیں شدید عذاب دے گا۔