(10) اللہ تعالیٰ نے میٹھے اور کھارے پانی کے دو سمندروں کو ایک ساتھ جاری کیا ہے، دونوں ایک ساتھ بہتے رہتے ہیں، اور کیا مجال کہ دونوں ایک دوسرے سے مل جائیں اور ایک دوسرے کی خاصیت و خوبی کو زائل کردیں، ایک کا پانی میٹھا ہوتا ہے جسے انسان پیتا ہے اور اپنے درختوں اور کھیتوں کو سیراب کرتا ہے اور دوسرے کا پانی کھارا ہوتا ہے جس سے ہوا خوشگوار ہوتی ہے، اور مچھلیاں موتی اور مرجان پیدا ہوتے ہیں اور موتی اور مرجان اگرچہ کھارے سمندر سے نکلتے ہیں، لیکن چونکہ دونوں سمندروں کے امتزاج اور آپس میں ملنے کا ان کے پائے جانے میں دخل ہے، اسی لئے کہا گیا کہ موتی اور مرجان دونوں سمندروں سے نکلتے ہیں تو اے جن و انس ! تم اپنے رب کی کن کن نعمتوں کا انکار کرو گے؟!