(63) کافروں کے مذکور بالا شبہ کی تدید کی جارہی ہے کہ انہیں آخر بعث بعد الموت پر کیوں حیرت ہے کیا وہ اللہ جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے اس بات پر قادر نہیں ہے کہ قیامت کے دن ان جیسا انسان دوبارہ پیدا کرے؟ اس دلیل کو اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کی متعدد آیتوں میں بیان کیا ہے، سورۃ یسین آیت (81) میں فرمایا ہے: (اولیس الذی خلق السموات والارض بقادر علی ان یخلق مثلھم بلی وھو الخلاق العلیم) کہ جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے وہ ان جسموں کو پیدا کرنے پر قادر نہیں ہے؟ بیشک وادتر ہے اور وہ بڑا پیدا کرنے والا، بڑا علم والا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے انہیں دوبارہ قبروں سے اٹھانے اور زندہ کرنے کی ایک مدت مقرر کر رکھی ہے، جس میں کوئی شبہ نہیں ہے، اور جب وہ گھڑی آجائے گی تو سارے لوگ زندہ ہو کر میدان محشر میں جمع ہوجائیں گے، لیکن جو لوگ اپنے آپ پر ظلم کرنے والے ہوتے ہیں ان کا شیوہ کفر ہی ہوتا ہے وہ تمام کھلی اور روشن نشانیوں کے باوجود ایمان نہیں لاتے ہیں۔