(33) منافقین اور بعض دیگر کمزور ایمان والے لوگ زینب سے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی شادی سے متعلق چہ میگوئیاں کرنے لگے کہ محمد نے اپنے بیٹے زید کی مطلقہ سے شادی کرلی ہے اسی قول قبیح کی اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں تردیج کی ہے کہ یہ بات قابل التفات اس وقت ہوتی جب آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) زید کے حقیقی باپ ہوتے، لیکن آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) صحابہ کرام میں سے کسی کے بھی باپ نہیں ہیں، تو زید کے بھی باپ نہیں ہیں اور پیار میں کسی کو بیٹا کہہ دینے سے وہ بیٹا نہیں ہوجاتا ہے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تو اللہ کے رسول ہیں، دنیا والوں کو اس کا پیغام پہنچاتے ہیں اور نبوت کا سلسلہ آپ پر ختم ہوگیا ہے، اس لئے کہ آپ کالا یا ہوا دین قیامت تک تمام انسانوں کے لئے کافی اور وافی ہے اور قرآن کریم نے انسانی زندگی سے متعلق تمام احکام و آداب بدرجہ اتم بیان کردیا ہے۔