(19) اللہ نے مدین والوں کو ہدایت کے لیے شعیب (علیہ السلام) کو نبی بناکر بھیجا یہ واقعہ سورۃ الاعراف اور سورۃ ہود میں گذرچکا ہے یہ لوگ ابراہیم (علیہ السلام) کی نسل سے تھے شعیب نے توحید باری تعالیٰ اور آخرت پر ایمان لانے کی دعوت دی اور ناپ تول میں کمی بیشی کرکے اور مسافروں کو لوٹ کر زمین میں فساد پھیلانے سے منع کیا لیکن انہوں نے ان کی دعوت قبول نہیں کی اور ان کو جھٹلایا تو اللہ تعالیٰ نے ان پر ایک شدید زلزلہ مسلط کردیا جس کے زیر اثر سبھی اپنے گھروں میں ہی گھٹنوں کے بل اوندھے منہ گر کرہلاک ہوگئے۔