(15) مریم علیہا السلام نے بچہ کی طرف اشارہ کر کے لوگوں سے کہا کہ اسی سے پوچھ لو، تو لوگوں نے کہا کہ ہم لوگ گود کے بچہ سے کیسے بات کریں؟ عیسیٰ (علیہ السلام) ان کی ابت سن کر بول پڑے، اور کہا کہ میں اللہ کا بندہ ہوں، اس نے ازل میں فیصلہ کیا ہے کہ وہ مجھے انجیل دے گا اور مجھے نبی بنائے اور میں جہاں بھی رہوں گا اس نے مجھے صاحب خیر و برکت اور صاحب دعوت بنایا ہے، میں اپنے رب کا پیغام لوگوں تک پہنچاتا رہوں گا۔
مفسرین لکھتے ہیں کہ جب عیسیٰ (علیہ السلام) نے پہلی بار بات کی تو اپنے آپ کو اللہ کا بندہ بتایا، اور اس کا بیٹا ہونے کا انکار کیا، اور کلام جاری رکھتے ہوئے کہا، اور مجھے وصیت کی ہے کہ تادم حیات نماز پڑھوں اور زکوۃ ادا کروں، اور اپنی ماں کا مطیع و فرمانبرادر رہوں۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ یہ عیسیٰ (علیہ السلام) کی زبان سے اعتراف و اعلان تھا کہ اللہ نے انہیں بغیر باپ کے پیدا کیا ہے، عیسیٰ (علیہ السلام) نے یہ بھی کہا: اور اللہ نے مجھے متکبر اور گناہ گار نہیں بنایا ہے، اور اللہ کی جانب سے امن و سلامتی میرے شامل حال رہی ہے اس دن جب میں پیدا ہوا اور اس دن بھی رہے گی جب میری موت آئے گی اور جب میں دوبارہ زندہ اٹھایا جاؤں گا، کہا جاتا ہے کہ اس کلام صریح کے بعد پھر عیسیٰ (علیہ السلام) نے جب تک بات کرنے کی عمر کو نہ پہنچ گئے کوئی بات نہیں کی۔