37 جو مجرمین دنیا میں اللہ تعالیٰ کے بارے میں افترا پردازی کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس کے شرکاء ہیں، اس کی بیوی ہے اور اس کی اولاد ہے، روز محشر جب عذاب کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے اور اللہ ان کی ان افتر اپردازیوں پر شدید غضبناک ہو گ، تو رعب و دہشت کی شدت سے ان کے چہرے سیاہ ہوجائیں گے اور آج جو لوگ تکبر کی وجہ سے ایمان اور عمل صالح کی راہ اختیار نہیں کرتے ہیں، اس دن ان کا ٹھکانا جہنم ہوگا اور جو لوگ شرک و معاصی سے بچتے ہیں اور طاعت و بندگی کی راہ اختیار کرتے ہیں، انہیں اللہ جہنم سے نجات دے گا اور جنت میں داخل کر کے فائز المرام بنائے گا، انہیں میدان محشر میں کوئی تکلیف نہیں پہنچے گی اور دنیا میں جو کچھ چھوڑ کر آئے تھے اس کا انہیں کوئی غم نہیں ہوگا، جنت اور اس کی نعمتوں کو پا کر ماضی کی تمام باتیں بھول جائیں گے۔