(20) کفار مکہ اور دیگر اہل شرک کے سلوک و کردار میں عجیب تضاد پایا جاتا ہے کہ جب انہیں کوئی بیماری، پریشانی یا قحط سالی لاحق ہوتی ہے تو فوراً اللہ کے حضور رو رو کر دعائیں کرتے ہیں اور اپنے تمام باطل معبودوں کو بھول جاتے ہیں اور جب اللہ ان کے حال پر رحم کرتے ہوئے تکلیف کو دور کردیتا ہے، تو ان میں یک لخت حیرت انگیز تبدیلی رونما ہوجاتی ہے اور اللہ کو چھوڑ کر اپنے بتوں کو دوہائی دینے لگتے ہیں اور اللہ کے تمام احسانات و انعامات کو یکسر بھول جاتے ہیں اور اسکی ناشکری کرنے لگتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں دھمکی دیتے ہوئے کہا: (فتمتعوا افسوف تعلمون) " اللہ کی دی ہوئی نعمتوں سے خوب مزے اڑا لو، تمہیں اپنی ناشکری اور شرکیہ اعمال کا انجام قیامت کے دن معلوم ہوجائے گا" جب تم ننگے پاؤں اور ننگے بدن اللہ کے سامنے جواب دینے کے لئے کھڑے ہو گے اور اس کے مقابلے میں تمہارا کوئی یار ومددگار نہیں ہوگا۔