49۔ یہاں قیامت کی ہولناکی کی ایک مثال بیان کی گئی ہے کہ اس کا دن اہل کفر اور رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی نافرمانی کرنے والے تمنا کریں گے کہ کاش انہیں مٹی بنا کر زمین میں ملا دیا جاتا، تاکہ حساب نہ دینا پڑتا اور جہنم میں نہ ڈالے جاتے، اور اس دن ان کا حال یہ ہوگا کہ وہ اللہ سے کوئی بات نہ چھپا سکیں گے، ان کا انگ انگ بولے گا اور ان کے خلاف گواہی دے گا، جیسا کہ اللہ نے سورۃ یس میں فرمایا ہے۔ الیوم نختم علی افواہہم و تکلمنا ایدیہم و تشہد ارجلہم بما کانوا یکسبون۔ کہ آج ہم ان کی زبانوں پر مہر لگا دیں گے اور ان کے ہاتھ ہم سے بات کریں گے، اور ان کے پاؤ گواہی دیں گے کہ انہوں نے دنیا میں کیا کیا کرتوت کیے تھے۔