(29) انہوں نے اپنے رب سے یہ دعا بھی کی کہ وہ انہیں اور ان کی اولاد کو نماز کا پابند بنا دے، اور ان کی تمام دعاؤں کو بالعموم اور ان دعاؤں کو بالخصوص قبول فرما لے۔ بعض مفسرین نے یہاں دعا سے مراد عبادت لی ہے، اور اللہ سے یہ بھی طلب کیا کہ وہ انہیں اور ان کے ماں باپ کو اور دیگر تمام مسلمانوں کو قیامت کے دن معاف کردے۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ والدین کے لیے انہوں نے یہ دعا اس وقت کی تھی جب نہیں جانتے تھے کہ وہ دونوں اللہ کے دشمن ہیں، ایک قول یہ بھی ہے کہ ان کی ماں مسلمان ہوگئی تھیں ایک قرات میں والدی آیا ہے، یعنی دعا میں صرف اپنے والد کو مراد لیا تھا، ایک دوسری قرات میں ولدی آیا ہے، یعنی میرے دونوں بیٹوں اسماعیل اور اسحاق کو بھی معاف کردے۔