38۔ بعث بعد الموت کا انکار کرنے والے کافروں کو مزید ڈانٹ پلائی جارہی ہے کہ کیا تم لوگ اس غلط فہمی میں مبتلا ہو کہ ہم نے تمہیں بغیر کسی مقصد کے اور بیکار پیدا کیا ہے، اور تمہیں مرنے کے بعد دوبارہ ہمارے پاس لوٹ کر نہیں آنا ہوگا۔ اللہ کی ذات اس سے بہت ہی بلند و بالا ہے کہ وہ کسی چیز کو بے کار پیدا کرے، ہم نے تو تمہیں اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے، اسی لیے اللہ نے اس کے بعد فرمایا کہ جو شخص اللہ کے ساتھ کسی دوسرے کی بھی عبادت کرے گا جس کی کوئی دلیل نہیں ہے، تو اسے اس برے عمل کا اپنے رب کے حضور کھڑے ہو کر حساب دینا ہوگا، اور اسے اس برائی کا بدلہ مل کر رہے گا۔
آیت کے آخر میں اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی کو سکھایا کہ وہ ہر حال میں اپنے رب کی حمد و ثنا بیان کرتے رہیں، اور اس سے مغفرت و رحمت کی دعا کرتے رہیں۔