(13) قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے یہ بات مختلف پیرائے میں بارہا کہی ہے کہ نیک و بد اور صالح و طالح کا انجام ایک جیسا ہرگز نہیں ہوگا۔ اسی بات کو اللہ نے یہاں بھی بیان کیا ہے کہ کیا شرک و معاصی کا ارتکاب کرنے والے اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ ہم انہیں دنیا اور آخرت میں ان لوگوں کے برابر بنا دیں گے جو ایمان لائے اور انہوں نے نیک عمل کیا اہل ایمان نے تو دنیا میں اپنے رب کی بندگی کی اور سکون قلب کی دولت سے مالا مال رہے، اور آخرت میں اس کی رحمت اور جنت کے حقدار ہوں گے۔ اور شرک و معاصی کا ارتکاب کرنے الیت و دنیا میں اپنے رب کے نافرمان رہے اور سکون قلب سے محروم رہے، اور آخرت میں اس کی رحمت اور جنت سے محروم کردیئے جائیں گے۔ سورۃ طہ آیت (124) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: (فمن اتبع ھدای فلایضل ولا یشقی، ومن اغرض عن ذکری فان لہ معیشۃ ضنکا ونخشرہ یوم القیامۃ اعمی) " پس جو میری ہدایت کی پیروی کرے گا نہ تو وہ بہکے گا، نہ تکلیف میں پڑے گا اور جو میری یاد سے روگردانی کرے گا، اس کی زندگی تنگی میں رہے گی اور ہم اسے روز قیامت اندھا بنا کر اٹھائیں گے۔ "