(32) جب جنتی اور جہنمی سبھی اپنے اپنے ٹھکانوں پر پہنچ جائیں گے تو جنتی جہنمی کی حسرت ویاس بڑھانے کے لیے انہیں پکار کر یہ بات کہیں گے، حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے میدان بدر میں کافر ومقتولین کو پکار کریہی بات کہی تھی، رؤسائے کفر کا نام لے لے کر کہا کہ تمہارے رب نے تم سے جو وعدہ کیا تھا کیا وہ تمہیں مل گیا، جو میرے رب نے مجھے سے وعدہ کیا تھا، اور حضرت عمر (رض) نے جب اس پر حیرت کا اظہار کیا تو آپ نے فرمایا کہ اللہ قسم وہ تم سے زیادہ سن رہے ہیں، لیکن جواب دینے سے عاجز ہیں، اس کے بعد انہیں مزید ذہنی تکلیف پہنچاے کے لیے اللہ کی طرف سے ایک منادی ندا پکار کر کہے گا کہ ظالموں پر اللہ کی لعنت ہو جو اپنے آپ کو اور غیروں کو اللہ کے دین سے روکتے تھے، اور اس میں تحریف پیدا کرتے تھے اور یوم آخرت کے منکر تھے۔