فهرس الكتاب

الصفحة 5533 من 6343

(11) یہ آیت جنوں کے کلام کا حصہ نہیں ہے، بلکہ پہلی آیت میں: (انہ استمع نفرمن الجن) پر معطوف ہے، اس لئے یہ اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اور اس کا مفہوم یہ ہوگا کہ اے میرے نبی ! آپ کہہ دیجیے کہ مجھ پر یہ وحی بھی نازل ہوئی ہے کہ اگر مشرکین مکہ حق و انصاف کی راہ پر چلیں گے تو ہم ان کے لئے خوب بارش برسائیں گے، جس کے نتیجہ میں ان کا مال بڑھے گا اور ان کی روزی میں کشادگی ہوگی، پھر ہم ان کا امتحان لیں گے کہ وہ ہمارا شکر ادا کرتے ہیں یا ناشکری کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کے لئے اپنا یہ مشروط وعدہ قرآن کریم کی متعدد آیتوں میں بیان فرمایا ہے۔ سورۃ الاعراف آیت (96) میں فرمایا ہے: (ولو ان اھل القری امنوا واتقوا الفتحنا علیھم برکات من السماء والارض ولکن کذبوافاخذنا ھم بماکانوا یکسبون) " اور اگر ان بستیوں کے رہنے والے ایمان لے آتے، اور پرہیز گاری اختیار کرتے تو ہم ان پر آسمان اور زمین کی برکتیں کھول دیتے لیکن انہوں نے تکذیب کی تو ہم نے ان کے اعمال کی وجہ سے ان کو پکڑ لیا" اور سورۃ نوح آیات (10/11/12) میں فرمایا ہے: (فقلت استغفروا ربکم انہ کان غفار ا، یرسل السماء علیکم مدراراً، ویمددکم باموال وبنین) " پس میں نے کہا کہ اپنے رب سے اپنے گناہوں کی مفغرت طلب کرو، وہ یقیناً بڑاب خشنے والا ہے، وہ تمہارے لئے آسمان سے خوب بارش برسائے گا اور تمہیں مال و دولت اور اولاد سے نوازے گا۔ "

آیت کا دوسرا مفہوم یہ بیان کیا گیا ہے کہ " اے میرے نبی ! اگر کفار مکہ اپنے کفر و شرک پر اصرار کریں گے، تم ہم ان کی رسی ڈھیل دیں گے اور ان کی روزی میں خوب وسعت دے دیں گے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ الانعام آیت (42) میں فرمایا ہے: (فلما نسوا ماذکروا بہ فتحنا علیھم ابواب کل شیء حتی اذا فرحوا بما وتوا اخذنا ہم بغتہ فاذا ھم مبلسون) " پھر جب وہ لوگ ان چیزوں کو بھولے رہے جن کی ان کو نصیحت کی جاتیتھی تو ہم نے ان پر ہر چیز کے دروازے کشادہ کردیئے، یہاں تک کہ جب ان چیزوں پر جو ان کو ملی تھی وہ خوب اترانے لگے تو ہم نے ان کو دفعتاً پکڑ لیا، پھر تو وہ بالکل مایوس ہوگئے۔ "

حافظ ابن کثیر لکھتے ہیں کہ اس رائے کی تائید آیت (16) میں اللہ تعالیٰ کے قول: (لنفتنھم فیہ) سے ہوتی ہے، جس کا معنی ہے " تاکہ ہم اس کے ذریعہ ان کا امتحان لیں۔ "

آیت (17) کے آخر میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جو کوئی قرآن کریم اور اس کی دعوت سے روگردانی کرے گا اور شرک اور دیگر برے اعمال سے نہیں بچے گا، اللہ تعالیٰ اسے دنیا میں ذلت و رسوائی اور فقر و فاقہ میں مبتلا کرے گا اور آخرت میں اس کا ٹھکانا جہنم ہوگا جہاں اسے شدید دیا جائے گا۔

حجم الخط:
شارك الصفحة
فيسبوك واتساب تويتر تليجرام انستجرام
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت