(18) مشرکین مکہ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی نبوت کا انکار کرتے تھے اور کہتے تھے کہ اللہ نے مکہ وطائف کے بڑے بڑے رؤساء کو چھوڑ کر محمد کو کیسے نبوت دے دی، اسی کافرانہ بات کی تردید کی جا رہی ہے کہ کیا آپ کے رب کی رحمت کے خزانے ان کے اختیار میں ہیں کہ وہ جسے چاہیں دیں اور جسے چاہیں محروم کردیں، اسی لئے وہ اللہ پر اعتراض کرتے ہیں کہ اس نے اپنے بندے اور رسول محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو کیوں نبوت دے دی، حالانکہ وہ تو اللہ کی نگاہ میں نہایت ہی حقیر و ذلیل لوگ ہیں، ان کے اختیار میں تو ان کا اپنا نفع و نقصان بھی نہیں ہے۔ وہ اپنی طاقت کے بل بوتے پر اللہ کی بادشاہی اور اس کے اختیارات پر قباض نہیں ہوگئے ہیں کہ ایسی بات کرتے ہیں وہ تو نہایت ہی محتاج اور عاجز لوگ ہیں۔