(16) مفسرین لکھتے ہیں کہ یہاں منافقین مرد ہیں، بعض کے نزدیک اہل کتاب (یہود و نصاریٰ) مراد ہے اور بعض کے نزدیک وہ مشرکین مکہ مراد ہیں جنہوں نے میدان بدر میں لڑنے والے کافروں کو کھانا کھلایا تھا۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جن منافقین نے اللہ اور اس کے رسول کی تکذیب کی، لوگوں کو قبول اسلام اور سول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی اتباع سے روکا، ان کی مخالفت کی اور ان سے جنگ کی (حالانکہ ان کے سامنے حق واضح ہوچکا تھا، اور دین حق اور سول اللہ(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی صداقت دلائل و براہین سے ثابت ہوچکی تھی) وہ جان لیں کہ ان کے کفروارتدد کا نقصان انہی کو پہنچے گا، اور اللہ تعالیٰ ان کے ظاہری نیک اعمال کو رائیگاں کر دے گا، اس لئے کہ کفر کی وجہ سے ان کا کوئی عمل اللہ کے نزدیک قابل قبول نہیں ہوگا۔
(وسیحبط اعمالھم) کا ایک دوسرا مفہوم یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ، دین اسلام اور رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے خلاف ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دے گا۔