11۔ سلیمان (علیہ السلام) نے ایک دن دوان سفر چڑیوں کی حاضری لی، اور خاص طور پر ہدہد کے بارے میں دریافت کیا، تو وہ غائب تھا، حافظ ابن کثیر نے ابن عباس (رض) سے نقل کیا ہے کہ سلیمان (علیہ السلام) جب کبھی چٹیل میدان میں ہوتے جہاں پانی کی ضرورت ہوتی تو ہدہد وہ جگہ بتا دیتا جہاں زمین کے نیچے پانی ہوتا، پھر جن اس جگہ کو کھود کر پانی نکال لیتے۔ ایسی ضرورت کے پیش نظر سلیمان (علیہ السلام) نے ہد ہد کو طلب کیا تو وہ نہیں ملا، انہوں نے ناراض ہو کر کہا کہ اگر اس نے معقول عذر نہیں پیش کیا تو میں اسے سخت سزا دوں گا، یا ذبح کردوں گا، لیکن کچھ ہی دیر کے بعد وہ سلیمان (علیہ السلام) کے سامنے حاضر ہوگیا، اور اپنا عذر پیش کرتے ہوئے انہیں خبر دی کہ میں وہ کچھ دیکھ آیا ہوں جس کی آپ کو خبر نہیں ہے، میں یمن کے شہر سبا (جو اب مارب کہلاتا ہے) کی ایک بالکل سچی خبر لے کر آیا ہوں۔ میں نے وہاں ایک عورت کو دیکھا ہے جو بادشاہ ہے اور جسے اللہ نے ہر ساز و سامان اور اسباب و ثروت سے نواز رکھا ہے، اور اس کا ایک بہت عظیم تخت شاہی ہے جس پر بیٹھ کر حکومت کرتی ہے۔
مفسرین نے اس عورت کا نام بلقیس بتایا ہے، اور اس کی فوج، تخت شاہی اور حشم و خدم کی تفصیلات بیان کی ہیں، جن سے اس کی عظیم بادشاہت کا اندازہ ہوتا ہے۔ ہدہد نے کہا: میں نے اسے اور اس کی قوم کو اللہ کے سوا آفتاب کو سجدہ کرتے دیکھا ہے، اور شیطان نے ان کے ان شرکیہ اعمال کو ان کی نگاہوں میں خوبصورت بنا دیا ہے، اور انہیں راہ حق کی اتباع سے روک دیا ہے، اسی لیے وہ لوگ بھٹک گئے ہیں اور اس اللہ کے لیے سجدہ نہیں کرتے ہیں جو آسمانوں اور زمین کی پوشیدہ چیزوں کو نکالتا ہے۔ آسمان سے بارش بھیجتا ہے، اور زمین کے اندر سے نباتات کو نکالتا ہے، اور جو تمام پوشیدہ اور ظاہر کو جانتا ہے، وہ اللہ جس کے سوال کوئی معبود نہیں ہے، اور جو اس عرش عظیم کا رب ہے، جو آفتاب، تمام ستاروں اور ہر چیز کو محیط ہے، جس کی عظمت کے مقابلے میں اس عورت کے تخت شاہی کی کوئی حیثیت نہیں ہے، اور جس اللہ کی قدرت کے مقابلے میں اس کا معبود یعنی آفتاب کتنا کمزور اور ناتواں ہے۔
حافظ ابن کثیر لکھتے ہیں کہ چونکہ ہدہد نے صرف ایک اللہ کی عبادت کرنے کی دعوت دی اور غیر اللہ کو سجدہ کرنے سے روکا اسی لیے اس کا قتل ممنوع ہے۔ امام احمد ابو داود اور ابن ماجہ وغیرہم نے ابوہریرہ (رض) سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علہ وسلم نے چار جانداروں کو مارنے سے منع فرمایا ہے۔ چیونٹی، شہد کی مکھی، ہدہد اور لٹورا۔