(5) جہاد اسلامی کی ایک حکمت یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ منافق مردوں اور عورتوں کو اور مشرک مردوں اور عورتوں کو عذاب دینا چاہتا ہے، جنہوں نے اللہ سے غلط توقع کی کہ وہ اپنے رسول اور مسلمانوں کی مدد نہیں کرے گا۔
اللہ نے فرمایا کہ برا انجام ان کا انتظار کر رہا ہے، اللہ انہیں دنیا میں انواع و اقسام کے عذاب سے دوچار کرے گا، ان پر اس کا غضب نازل ہوگا اور قیامت کے دن انہیں وہ اپنی رحمت سے دور کر دے گا اور اس نے ان کا ٹھکانا جہنم بنا رکھا ہے، جو بہت ہی بری جگہ ہوگی۔
آیت (7) میں اللہ نے مذکور بالا معنی کی تائید کے طور پر فرمایا کہ آسمانوں اور زمینوں کے لشکر اللہ کے اشارے کے منتظر ہوتے ہیں، اس لئے اس کے قبضہ قدرت سے کون باہر جاسکتا ہے اور جسے وہ سزا دینی چاہے وہ کب اس کی زد میں بچ سکتا ہے، وہ تو زبردست اور ہر چیز پر غالب ہے اور اس کا کوئی کام حکمت سے خالی نہیں ہوتا ہے۔