فهرس الكتاب

الصفحة 4656 من 6343

(18) نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے مدینہ میں 6 ھ میں خواب دیکھا کہ آپ اپنے صحابہ کرام کے ساتھ مکہ میں داخل ہوں گے اور خانہ کعبہ کا طواف کریں گے، چنانچہ آپ نے صحابہ کرام کے ساتھ عمرہ کرنے کا اعلان کردیا اور راستہ میں انہیں اپنے خواب کی اطلاع دی تو تمام صحابہ بہت خوش ہوئے، لیکن جب مکہ میں داخل نہیں ہوئے اور صلح کی تلخ شرطیں قبول کر کے مدینہ واپس ہونے لگے تو انہوں نے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے پوچھا کہ آپ نے جو خواب دیکھا تھا، اس کی تعبیر کیا ہے؟ اور منافقین کہنے لگے کہ ہم نے نہ بال منڈایانہ نہ کٹوایا اور نہ مسجد حرام میں داخل ہوئے، آخر یہ کیسا عمرہ ہے؟!

انہی حالات میں حدیبیہ سے واپس آتے ہوئے یہ پوری سورت نازل ہوئی، اور یہ آیت نازل ہوئی، جس میں اللہ تعالیٰ نے خبر دی کہ وہ اپنے رسول کا خواب یقیناً سچ کر دکھلائے گا، ان کا خواب برحق ہے، مسلمانو ! تم لوگ اگر اللہ چاہے گا، تو ضرور مسجد حرام میں داخل ہو گے، درانحالیکہ تم ہر خوف و خطر سے دور ہو گے اور عمرہ کر کے اپنے سر کے بال یا تو منڈواؤ گے یا کٹاؤ گے، تمہیں کسی قسم کا ڈر لاحق نہیں ہوگا۔

اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اللہ وہ کچھ جانتا ہے جو تم نہیں جانتے ہو (یعنی مکہ میں مسلمان مردوں اور عورتوں کا پایا جانا اور جنگ ہونے کی صورت میں ان کے قتل کئے جانے کا خطرہ) اسی لئے اس نے اس سال تمہیں مکہ میں داخل ہونے سے روک دیا ہے اور خواب کے مطابق دخول مکہ سے پہلے، صلح حدیبیہ کے لئے حالات سازگار کئے جو درحقیقت نتائج کے اعتبار سے مسلمانوں کے لئے عظیم فتح کے مترادف ہے۔

بعض لوگوں نے یہاں (فتحاقریباً) سے " فتح خیبر" مراد لیا ہے، لیکن اکثر لوگوں کی رائے یہی ہے کہ اس سے مرادن " صلح حدیبیہ" ہے۔

حافظ ابن کثیرلکھتے ہیں کہ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا خواب ذی القعدہ 7ٌ میں عمرۃ القضاء کی صورت میں پورا ہوا، ذی القعدہ 6 ھ میں حدیبیہ سے واپسی کے بعد، آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ذی الحجہ اور محرم دو ماہ مدینہ میں قیام کیا، صفر میں خیبر کو فتح کیا اور ذی القعدہ 7 ھ میں عمرہ کی نیت سے مکہ کے لئے روانہ ہوئے۔ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ وہی صحابہ کرام تھے جو بیعت رضوان میں شریک ہوئے تھے اور اس بار آپ اپنے ساتھ قربانی کے ساٹھ (60) اونٹ لے گئے تھے مکہ پہنچنے کے بعد آپ نے صحابہ کے ساتھ عمرہ ادا کیا، جس کی تفصیل سیرت و تاریخ کی کتابوں میں موجود ہے۔

حجم الخط:
شارك الصفحة
فيسبوك واتساب تويتر تليجرام انستجرام
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت