اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے خبر دی ہے کہ ان مومنوں کی دعا اللہ نے قبول کرلی، اور انہیں بشارت دی کہ میں اپنے کسی نیک بندے کا عمل ضائع نہیں کرتا، چاہے مرد ہو یا عورت۔
ترمذی، حاکم اور سعید بن منصور نے ام سلمہ (رض) سے روایت کی ہے، انہوں نے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے کہا کہ اے اللہ کے رسول ! ہجرت کا ذکر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے عورتوں کا نام نہیں لیا ہے؟ تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی: انی لا اضیع عمل عامل منکم من ذکر او انثی بعضکم من بعض۔ کہ مرد ہو یا عورت میں کسی کا اجر ضائع نہیں کرتا۔ فالذین ھاجروا سے آخرت آیت تک عامل کے عمل کی تفصیل ہے۔