ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ عبد اللہ بن اُبی کا جب انتقال ہوا تو اس کے بیٹے نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ آپ اپنا کرتا مجھے عنایت فرمائیے ،میں اس اپنے باپ کو کفناؤں گا، آپ نے ان کو اپنا کرتا دے دیا۔
رہی یہ بات کہ مردوں کو تین لفافے میں کفنانا افضل ہے یا کرتے اور ازار اور لفافے میں، پس واضح ہو کہ فردوں کو تین لفافے میں کفنانا افضل ہے،کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تین لفافے ہی میں کفنائے گئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر اہلِ علم صحابہ رضی اللہ عنہم وغیرہم کا اسی پر عمل ہے اور امام مالک رحمۃ اللہ علیہ اور امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور امام احمد رحمۃ اللہ علیہ کے زندیک بھی مردوں کو تین لفافہ ہی میں کفنانا افضل ہے۔ [1]
اگر میت کو کرتے اور ازار اور لفافہ میں کفنانا ہو تو کرتے اور ازار کا طول کتنا ہونا چاہیے؟ سو واضح ہو کہ عامہ فقہائِ حنفیہ لکھتے ہیں کہ میت کا کرتا گردن سے قدم تک ہونا چاہیے۔ لیکن مولانا ثناء اللہ صاحب پانی پتی مالا بدمنہ میں لکھتے ہیں۔
''مردراسہ پارچہ مسنون است بقول ابی حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ یکے کفنی تانصف ساق ودوچادر ازسرتا قدم۔''
''یعنی مرد کے لیے تین کپڑے مسنون ہیں بقول امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ ایک کفنی نصف ساق تک اور دوچادریں سر سے قدم تک۔''
میں کہتا ہوں کہ ظاہر یہی ہے کہ میت اگر مرد ہے تو اس کا کرتانصف ساق تک ہونا چاہیے رہی یہ بات کہ میت کا کرتا کیسا ہونا چاہیے۔ [2]